by Rao Imran Suleman
Rao Nama

حتمی مالکان کی تفصیلات جمع نہ کروانے پر 28 ہزار 761 کمپنیوں کو شوکاز نوٹس

کراچی(پی این پی)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کارپوریٹ شفافیت یقینی بنانے کے لیے حتمی مالکان (Ultimate Beneficial Owners) کی تفصیلات فراہم نہ کرنے والی 28 ہزار 761 کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ متعلقہ کمپنیوں نے الٹی میٹ بینیفیشل اونر سے متعلق لازمی فارم 19 جمع نہیں کروایا، جس پر کمیشن کی جانب سے کارروائی کی گئی ہے۔

کمیشن نے واضح کیا ہے کہ کمپنی میں 25 فیصد یا اس سے زائد حصص یا ووٹنگ حقوق رکھنے والا شخص حتمی مالک تصور ہوگا، اسی طرح کمپنی پر براہِ راست یا بالواسطہ مؤثر کنٹرول رکھنے والا شخص بھی حتمی مالک کے زمرے میں آئے گا۔

ایس ای سی پی کے مطابق حتمی مالکان کی تفصیلات فراہم کرنا کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت لازمی ہے، جس کا مقصد کمپنیوں کی ملکیت اور کنٹرول کے ڈھانچے میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

متعلقہ کمپنیوں کو فارم 19 جمع کروانے کے لیے 30 روز کی مہلت دی گئی ہے، ایس ای سی پی نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں تعمیل نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
 



PNP

Comments are closed.