ٹورنٹو میں پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ کی گاڑی نذرِ آتش،ایک شخص گرفتار
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پاکستانی نژاد کینیڈین رکن پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد کی گاڑی کو آگ لگانے کے واقعے میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ دوسرے مشتبہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔
ٹورنٹو پولیس کے مطابق واقعہ اسکاربورو میں سلمیٰ زاہد کی رہائش گاہ کے باہر پیش آیا، جہاں ان کی گاڑی کو مبینہ طور پر آگ لگائی گئی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 24 سالہ روشوِن کرافٹن کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار شخص کے خلاف املاک کو نقصان پہنچانے کی نیت سے آتش زنی، 5 ہزار کینیڈین ڈالر سے زائد مالیت کے نقصان، آتش گیر مواد رکھنے اور پروبیشن آرڈر کی خلاف ورزی سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو 8 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ واقعے میں مبینہ طور پر ملوث دوسرے شخص کی تلاش بھی جاری ہے۔
سلمیٰ زاہد نے پولیس کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات میں تیزی سے پیش رفت پر ٹورنٹو پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ تحقیقات کے سلسلے میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گی۔ سلمیٰ زاہد کے مطابق اس وقت واقعے کے محرکات کے بارے میں کوئی حتمی معلومات موجود نہیں، اس لیے وہ مکمل حقائق سامنے آنے تک مزید تبصرہ نہیں کرنا چاہتیں۔
PNP
Comments are closed.