by Rao Imran Suleman
Rao Nama

آتش فشاںپھٹ پڑا، جکارتہ ایئرپورٹ پر پروازیں معطل

 جکارتہ: انڈونیشیا میں ماؤنٹ آناک کراکاٹاؤ کی سرگرمی میں اضافے اور آتش فشانی راکھ پھیلنے کے باعث جکارتہ کے مرکزی سوئیکارنو ہٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔

انڈونیشی حکام کے مطابق آتش فشاں سے اٹھنے والی راکھ ایئرپورٹ کے فضائی حدود تک پہنچنے کے بعد پروازوں کی آمد و رفت روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایئرپورٹ کی بندش کا مقصد فضائی سفر کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

ماؤنٹ آناک کراکاٹاؤ میں جمعہ کی شب سے آتش فشانی سرگرمی جاری ہے، جس کے دوران لاوے کے فوارے بلند ہوئے جبکہ دھماکوں کی آوازیں سیکڑوں کلومیٹر دور تک سنائی دینے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

انڈونیشیا کے موسمیاتی ادارے بی ایم کے جی کے مطابق آتش فشانی راکھ کے بادل جاوا کی جانب تقریباً 6 ہزار میٹر جبکہ سماٹرا کی سمت 15 ہزار میٹر تک بلند ہوئے۔ راکھ کے بادلوں نے جکارتہ سمیت بانتن اور دیگر علاقوں کے فضائی ماحول کو متاثر کیا۔

وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 33 پروازیں متاثر ہوئی تھیں، جن میں متعدد بین الاقوامی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔ بعد کی اطلاعات کے مطابق پروازوں میں خلل بڑھنے سے مجموعی طور پر 209 پروازیں متاثر ہوئیں اور 22 ہزار سے زائد مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ جانے سے قبل اپنی پرواز کی تازہ صورتحال متعلقہ ایئرلائن سے ضرور معلوم کریں، کیونکہ آتش فشانی راکھ کی نقل و حرکت کے باعث پروازوں کا شیڈول تبدیل ہوسکتا ہے۔

PNP

Comments are closed.