برطانیہ سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ باڈی بلڈر میتوش خومورا مقابلے کے دوران اچانک اسٹیج پر گر پڑے اور بعدازاں ان کی موت ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میتوش خومورا انگلینڈ کے شہر ٹیلفورڈ میں فزیکل کلچر ایسوسی ایشن (پی سی اے) کے برٹش فائنلز میں شامل تھے، وہ کلاسک باڈی بلڈنگ میڈیم کیٹیگری میں مدِمقابل تھے کہ اچانک اسٹیج پر گر گئے جس کے بعد وہاں موجود تماشائیوں میں تشویش پھیل گئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد طبی عملے نے انہیں موقع پر طبی امداد فراہم کی اور پھر انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن ڈاکٹر ان کی جان بچانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
منتظمین کے مطابق میتوش خومورا کو طبی امداد فراہم کرنے کے دوران مقابلہ روک دیا گیا تھا، انہیں اسپتال منتقل کیے جانے کے بعد، ان کی موت کی اطلاع ملنے سے پہلے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ مشاورت کی گئی اور پھر مقابلہ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
منتظمین نے اپنے بیان میں میتوش خومورا کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اہلیہ، اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت کی ہے۔
میتوش خومورا باڈی بلڈنگ کی دنیا میں نئے تھے، انہوں نے اپنی موت سے تقریباً دو ہفتے قبل ہی پہلے مقابلے میں حصّہ لیا تھا اور اس مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی، ان کی شادی بھی صرف دو ماہ قبل ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ میتوش خومورا کی موت کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔
PNP
Comments are closed.