مقدمات میں مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا امکان
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما حماد اظہر کی گرفتاری کے بعد مختلف مقدمات میں مطلوب پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے پہلے سے جاری وارنٹس پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نومبر 2024ء کے ڈی چوک احتجاج سمیت مختلف مقدمات میں عدالتی وارنٹس کا سامنا کرنے والے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کا امکان ہے۔
جنید اکبر اور عبدالغنی کے خلاف ڈی چوک احتجاج سے متعلق مقدمات میں پہلے سے جاری وارنٹس پر عملدرآمد کیا جائے گا جبکہ شبلی فراز، مراد سعید اور حماد اظہر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس مقدمات میں جاری عدالتی وارنٹس بھی زیرِ عمل لائے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زرتاج گل، عامر مسعود مغل، ڈاکٹر امجد علی اور مینا خان آفریدی بھی اسلام آباد کے مختلف مقدمات میں مطلوب رہنماؤں میں شامل ہیں۔
علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ کے خلاف فیض آباد احتجاج مقدمے میں جاری قانونی کارروائی بھی آگے بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی ممکنہ گرفتاریاں پہلے سے درج ایف آئی آرز اور ماضی میں جاری عدالتی وارنٹس کی بنیاد پر ہوں گی۔
اسلام آباد پولیس کو مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں مطلوب پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے عدالتی وارنٹس پر قانون کے مطابق عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔
PNP
Comments are closed.