by Rao Imran Suleman
Rao Nama

خطے میں بڑھتی کشیدگی، امارات نے عرب ممالک سے مشاورت تیز کردی

دبئی: مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی صورتحال کے پیش نظر متحدہ عرب امارات نے خطے کے اہم ممالک سے سفارتی مشاورت کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔

اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے مصر، کویت اور قطر کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے اور خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

اماراتی خبر رساں ادارے وام کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید نے مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی اور کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے گفتگو کے دوران مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور موجودہ حالات پر بات چیت کی۔

رابطوں کے دوران خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں، کشیدگی میں کمی اور موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ اماراتی وزیر خارجہ نے قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں پر بات چیت کی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے متحدہ عرب امارات اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف امور کا بھی جائزہ لیا۔

گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے باہمی مفادات اور عوام کی خوشحالی کے لیے تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اماراتی حکام کے یہ سفارتی رابطے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب مشرق وسطیٰ میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور علاقائی کشیدگی کے تناظر میں عرب ممالک کے درمیان مشاورت اور سفارتی کوششوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔

PNP

Comments are closed.