by Rao Imran Suleman
Rao Nama

مکہ دفاعی اتحاد اسلامی دنیا کے لیے اہم پیغام ہے، ترک صدر اردوان

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا مکہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کے لیے ایک اہم پیغام ہے، جس کے مثبت نتائج مستقبل میں سامنے آسکتے ہیں۔

ترک صدر نے ترکیہ کے صوبے سامسون میں نوجوانوں کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مل کر ایک اہم قدم اٹھایا ہے اور اس سلسلے میں مثبت پیش رفت جاری ہے۔

اردوان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے حل اور مشکلات پر قابو پانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری بحرانوں کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

ترک صدر نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ خطے میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق صرف آبنائے ہرمز ہی نہیں بلکہ خلیج کے مختلف علاقوں میں بھی سنگین مسائل موجود ہیں۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اگست میں مکہ دفاعی معاہدے پر اتفاق کیا تھا، جس کے تحت کسی ایک رکن پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کرنے اور اجتماعی دفاع کے اصول کو تسلیم کیا گیا ہے۔

ترکیہ کے مطابق یہ دفاعی تعاون کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے ہے۔ معاہدے میں مستقبل میں دیگر دوست ممالک کو شامل کرنے کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔

PNP

Comments are closed.