کراچی(پی این پی) کراچی میں بارش برسانے والا نیا سسٹم داخل ہوگیا ہے، جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز گلشن حدید، بھینس کالونی، رازق آباد، سٹیل ٹاؤن اور ملیر کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا ہے۔ تاہم آج بھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب حیدر آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے جہاں ایک طرف موسم کو خوشگوار بنایا، وہیں دوسری طرف بجلی کا نظام درہم برہم کر دیا ہے۔
ترجمان حیسکو کے مطابق شہر کے 99 فیڈروں سے بجلی کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے جبکہ 70 سے زائد فیڈر تاحال معطل ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ متعدد فیڈر حفاظتی اقدامات (سیفٹی) کے تحت بند کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں، سجاول میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہونے کی اطلاعات ہیں۔
PNP
Comments are closed.