بیجنگ: چین نے سعودی عرب کی جانب سے اپیل کے بعد ایران پر زور دیا ہے کہ وہ حوثیوں کے حملے روکنے میں مدد کرے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اس معاملے سے باخبر تین ایرانی ذرائع نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے چین سے کی گئی اپیل پر چین نے ایران سے درخواست کی ہے کہ وہ حوثیوں کے حملے رکوانے میں مدد کرے۔
ذرائع نے بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر کے ساحل اور آبنائے باب المندب کے ارد گرد تیزی سے پیش قدمی کے بعد سعودی عرب نے چین سے رابطہ کیا تھا، کیونکہ حوثیوں کے ان اقدامات سے سعودی تیل کی برآمدات اور تجارتی جہازوں کی آمدورفت کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چین نے عوامی سطح پر تحمل، بات چیت اور جہازوں کی محفوظ آمدورفت کی بحالی پر زور دیا ہے، تاہم چین چاہتا ہے کہ ایران حوثیوں پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے تاکہ تنازع کو توانائی کے ان اہم تجارتی راستوں تک پھیلنے سے روکا جاسکے جن پر چین کا بھی انحصار ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ یہ پیغام کس طرح پہنچایا گیا، تاہم ذرائع کے مطابق ایران کا جواب تھا کہ خطے میں استحکام اور امن کا انحصار ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے خاتمے پر ہے۔
رائٹرز کی جانب سے اس خبر پر تبصرہ کرنے کی درخواست کے جواب میں چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین نہیں چاہتا کہ علاقائی کشیدگی مزید بڑھ کر یمن اور بحیرہ احمر تک پھیل جائے۔ علاقائی عدم استحکام میں اضافہ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ اور سعودی حکومت کے میڈیا آفس نے اس خبر کے حوالے سے تبصرے کی درخواستوں کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔
PNP
Comments are closed.