by Rao Imran Suleman
Rao Nama

دنیا کا وہ منفرد قصبہ جہاں مچھروں کی پرواز پر ہی پابندی عائد کر دی گئی

اسلام آباد (پی این پی)فرانس کے ایک قصبے میں مچھروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے باعث میئر نے ایسا انوکھا حکم جاری کردیا جس نے سب کو حیران کردیا۔

حکم نامے کے تحت قصبے کی حدود میں ٹائیگر مچھروں کی پرواز پر پابندی عائد کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق فرانس کے قصبے سینٹ جسٹ سینٹ ریمبرٹ کے میئر اولیور جولی نے یکم ستمبر کو اس غیر معمولی حکم نامے پر دستخط کیے۔ یہ اقدام مقامی شہریوں کی جانب سے قصبے میں ٹائیگر مچھروں کی موجودگی کی متعدد شکایات سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ قصبے کی حدود میں دن اور رات کے اوقات میں ان مچھروں کی پرواز کی اجازت نہیں ہوگی۔ دستاویز میں یہ بھی درج ہے کہ ٹائیگر مچھر عموماً زمین کے قریب پرواز کرتے ہیں اور ان کے کاٹنے سے لوگوں کو خارش سمیت مختلف تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس حکم کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے مچھروں کے خلاف کارروائی اور سزا کی شق بھی شامل کی گئی ہے۔ تاہم عملی طور پر اب تک کسی مچھر کو گرفتار کیا گیا ہے نہ ہی کسی کو سزا دی جا سکی ہے۔

میئر اولیور جولی نے میڈیا سے گفتگو میں بھی اس صورتحال کو مزاحیہ انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ تاحال اس پابندی پر عملدرآمد ممکن نہیں ہوسکا اور کسی مچھر کو قانون کی خلاف ورزی پر حراست میں نہیں لیا گیا۔اگرچہ یہ حکم بظاہر ایک دلچسپ اور مزاحیہ اقدام محسوس ہوتا ہے، تاہم اس کا اصل مقصد علاقے میں مچھروں کی افزائش اور ان سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام ہے۔مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ گھروں اور اردگرد کے علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، جبکہ گٹروں اور پانی کے دیگر مقامات کو مناسب طریقے سے ڈھانپ کر رکھا جائے تاکہ مچھروں کی افزائش کے امکانات کم کیے جا سکیں۔

PNP

Comments are closed.