by Rao Imran Suleman
Rao Nama

اوورسیز جاب کا جھانسہ شہریوں سے لاکھوں بٹورنے والا ٹریول کنسلٹنٹ گرفتار

کراچی(پی این پی) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے بفر زون، نارتھ کراچی میں غیر قانونی اوورسیز ایمپلائمنٹ اور ٹریول کنسلٹنسی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مالک سید شہریار شاہ کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کارروائی بفر زون کے سیکٹر 15-A/4 میں واقع M/s Quickway Consultant کے دفتر پر کی گئی، جہاں ملزم مبینہ طور پر متعلقہ مجاز اتھارٹی کے لائسنس کے بغیر اوورسیز ایمپلائمنٹ اور ٹریول کنسلٹنسی کا کاروبار چلا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران دفتر سے اہم دستاویزی اور دیگر قابلِ اعتراض مواد بھی برآمد کرکے تحویل میں لے لیا گیا۔ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم بیرون ملک روزگار کے پیکجز، جن میں یونان کا ورک پرمٹ بھی شامل تھا، فراہم کرنے کے نام پر شہریوں سے بھاری رقوم وصول کررہا تھا۔ ایک متاثرہ شہری نے یونان کے ورک پرمٹ کے لیے طلب کردہ 12 لاکھ 20 ہزار روپے میں سے ایک لاکھ روپے بطور ایڈوانس ادا کیے تھے۔

 ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف ایمیگریشن آرڈیننس 1979 کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ برآمد شدہ مواد کی جانچ اور مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام دیگر ممکنہ متاثرین اور سہولت کاروں کے کردار کا بھی تعین کریں گے۔



PNP

Comments are closed.