by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کریک ڈاؤن میں ہلاک مظاہرین کی حمایت پر پوسٹ ایرانی اداکارہ کو مہنگی پڑ گئی

ایرانی اداکارہ الناز شاکردوست کو جنوری 2026 کے احتجاج سے متعلق ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے معاملے میں ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، جبکہ اپیل میں بھی یہ فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔ ان کے وکیل کے مطابق تہران کی عدالتِ انقلاب نے انہیں ’’نظام کے خلاف تشہیری سرگرمی‘‘ کے الزام میں سزا سنائی

رپورٹس کے مطابق عدالت نے سزا کے ساتھ الناز شاکردوست پر دو سال کے لیے سیاسی، آن لائن اور فنکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی بھی عائد کی ہے۔ وکیل کا کہنا ہے کہ مقدمہ ان کی جانب سے احتجاج کے دوران ہلاک ہونے والے افراد سے اظہارِ ہمدردی کے لیے کی گئی ایک سوشل میڈیا پوسٹ سے متعلق تھا۔

وکیل کے مطابق شاکردوست نے اپنی پوسٹ میں غم اور ہمدردی کا اظہار کیا تھا اور اس میں اجتماعی کارروائی کی کوئی اپیل یا حکومتی اداروں کا حوالہ موجود نہیں تھا۔ ان کی قانونی ٹیم نے ابتدائی فیصلے کے خلاف اپیل کی، تاہم تہران صوبے کی اپیل عدالت نے سزا اور پابندیوں کو برقرار رکھا۔

رپورٹس کے مطابق الناز شاکردوست اس وقت جیل میں ہیں یا نہیں، اس حوالے سے واضح معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ ایک دوست نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ وہ فی الحال جیل میں نہیں ہیں، تاہم ان کے ایران میں ہونے یا بیرون ملک موجودگی کی تصدیق نہیں ہوسکی

شاکردوست کی قانونی ٹیم کے مطابق وہ اس معاملے میں مزید قانونی راستے اختیار کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

PNP

Comments are closed.