فلائی دبئی کی پرواز پر نائن الیون طرز کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی
متحدہ عرب امارات کے پراسیکیوٹر جنرل نے دبئی سے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آنے والے ہولناک واقعے کو باضابطہ طور پر دہشت گردی کی کوشش قرار دے دیا ہے۔ یہ پرواز اسرائیل کے بن گوریون ہوائی اڈے کی طرف گامزن تھی جب اس کے عمانی معاون پائلٹ نے دورانِ پرواز کاک پٹ میں موجود سینیئر پائلٹ پر اچانک تیز دھار آلے اور کلہاڑی سے حملہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار 29 سالہ عمانی معاون پائلٹ ہمام الحمامی نے اس مجرمانہ سازش کا منصوبہ ایئرلائن میں ملازمت حاصل کرنے سے قبل تیار کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس اور تفتیشی دستاویزات کے مطابق ملزم کا مقصد اسرائیل پہنچ کر طیارے کو کسی بلند عمارت یا دوسرے طیارے سے ٹکرانا تھا تاکہ نائن الیون جیسے بڑے حادثے کو دہرایا جا سکے۔ ناکامی کی صورت میں اس کا پلان بی اردن میں موجود کسی امریکی فوجی اڈے یا تل ابیب کی کسی عمارت کو نشانہ بنانا تھا۔
تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے حملے سے چند منٹ قبل پائلٹ سے نماز پڑھنے کی اجازت طلب کی اور پھر موقع پا کر پیچھے سے حملہ کر دیا۔ زخمی پائلٹ نے جان کی پروا نہ کرتے ہوئے کاک پٹ کا دروازہ کھول دیا جس کی مدد سے مسافر اندر داخل ہوئے اور حملہ آور کو دبوچ لیا۔ اس ہنگامی صورتحال کے دوران طیارے نے سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کی۔
رپورٹس کے مطابق ملزم کے والدین میں عمانی اور شامی پس منظر شامل ہے جب کہ وہ متحدہ عرب اس امارات میں پیدا ہوا اور وہیں پلا بڑھا۔ اس کے القاعدہ سے متاثرہ انتہا پسندانہ خیالات پائے جاتے ہیں۔ اس سے قبل وہ عمانی ایئرلائن میں بھی خدمات انجام دے چکا ہے جہاں متشدد نظریات کی وجہ سے اسے پروازوں سے ہٹا کر صرف انتظامی امور سونپ دیے گئے تھے، تاہم وہ فلائی دبئی میں ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام محرکات اور ڈیجیٹل شواہد کا گہرائی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
PNP
Comments are closed.