by Rao Imran Suleman
Rao Nama

معاذ صداقت ’360 ڈگری بیٹر‘ ہیں: ایان بشپ

— فائل فوٹو 

ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر ایان بشپ نے سری لنکا کے خلاف شاندار بیٹنگ پر پاکستان کے نوجوان بلے باز معاذ صداقت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’360 ڈگری بیٹر‘ قرار دیا ہے۔

معاذ صداقت نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں صرف 51 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔

وہ اپنی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری سے محض 4 رنز کی دوری پر رہ گئے۔

ایان بشپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں معاذ صداقت کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے لکھا ہے کہ مجھے کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2026ء میں جمیکا کنگز مین کی جانب سے کھیلتے ہوئے معاذ صداقت کی صلاحیت دیکھ کر خوشی ہوئی تھی۔

انہوں نے لکھا ہے کہ نوجوان بلے باز کی اچھی فارم پاکستان کے لیے بھی برقرار ہے اور میں ان کے کامیاب مستقبل کے لیے خواہاں ہوں۔

ایان بشپ نے اپنی پوسٹ کے آخر میں معاذ صداقت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’اچھا 360 ڈگری بیٹر‘ قرار دیا۔

یہاں یہ واضح کرنا اہم ہے کہ ’360 ڈگری بیٹر‘ سے مراد ایسا بلے باز ہے جو میدان کے مختلف حصوں میں مختلف انداز سے شاٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

واضح رہے کہ معاذ صداقت کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے تھے۔

کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھی 44 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

دوسری جانب سری لنکن ٹیم پاکستانی بولرز کا مقابلہ نہ کر سکی اور 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 133 رنز تک محدود رہی اور پاکستان نے 82 رنز سے میچ جیت کر 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔



PNP

Comments are closed.