by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سعودی عرب حوثیوں کے خلاف کارروائی میں اسرائیل کی مدد قبول کرے،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب پر زور دیا ہے کہ وہ یمن کے حوثیوں کے خلاف کارروائی میں اسرائیل کی ممکنہ مدد قبول کرے، تاہم سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان اس حوالے سے کسی نئے معاہدے یا مذاکرات کا اعلان نہیں کیا گیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا سعودی عرب کو حوثیوں کے خلاف اسرائیلی مدد قبول کرنی چاہیے؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ اس معاملے میں اسرائیل سعودی عرب کے لیے مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

ٹرمپ نے سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کا معاملہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ مضبوط دکھائی دیتا ہے، تاہم انہوں نے کسی نئی پیش رفت یا باضابطہ معاہدے کی تصدیق نہیں کی۔

دوسری جانب اس سے قبل اسرائیلی اخبار ہاریتز نے 13 اکتوبر کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حوثیوں کے خلاف اسرائیلی فوجی تعاون میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ رپورٹ کے مطابق انہیں خدشہ تھا کہ اسرائیل کے ساتھ کھلے فوجی تعاون پر سعودی عوام کا ردعمل منفی ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ابراہام معاہدوں کے تحت کئی عرب ممالک نے امریکا کی ثالثی میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے، تاہم سعودی عرب نے اب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ قدم نہیں اٹھایا۔

PNP

Comments are closed.