ایرانی فلم ’مڈ ڈے میل‘ نے بوسان فلم فیسٹیول کا سب سے بڑا ایوارڈ جیت لیا
تہران: ایرانی فلم ساز مجید مجیدی کی ڈرامہ فلم ’مڈ ڈے میل‘ نے جنوبی کوریا میں منعقدہ بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا سب سے بڑا ایوارڈ اپنے نام کرلیا، اس کامیابی کے ساتھ فلم نے آسکر ایوارڈز کی بین الاقوامی فیچر فلم کیٹیگری کے لیے براہِ راست اہلیت بھی حاصل کرلی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیا کے بڑے فلمی میلوں میں شمار ہونے والے بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے مرکزی مقابلے کے لیے رواں سال 13 فلمیں منتخب کی گئی تھیں، جن میں جنوبی کوریا کی تین فلمیں بھی شامل تھیں، فیسٹیول میں گزشتہ سال پہلی مرتبہ باقاعدہ مسابقتی مقابلے کا آغاز کیا گیا تھا، جبکہ اس سال ایرانی فلم نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
فلم کی فاتح کے طور پر نامزدگی کا فیصلہ معروف چینی ہدایت کار ژانگ ییمو کی سربراہی میں قائم جیوری نے کیا، ژانگ ییمو عالمی سطح پر اپنی فلم ’رائز دی ریڈ لالٹین‘ کے باعث شہرت رکھتے ہیں۔
’مڈ ڈے میل‘ کی کہانی ایران کے ایک غریب گاؤں میں تعینات استاد کے گرد گھومتی ہے، جو حالات سے مجبور ہوکر اپنے اسکول کو بند ہونے سے بچانے کے لیے اسمگلنگ کا راستہ اختیار کرلیتا ہے، فلم میں استاد کی مجبوریوں اور اپنے تعلیمی ادارے کو بچانے کے لیے اس کی جدوجہد کو موضوع بنایا گیا ہے۔
بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں یہ کامیابی مجید مجیدی کے لیے ایک اہم اعزاز ہے، آسکر ایوارڈز کی بین الاقوامی فیچر فلم کیٹیگری کے لیے براہِ راست اہلیت حاصل ہونے سے فلم کو عالمی سطح پر مزید توجہ ملنے کی توقع ہے۔
PNP
Comments are closed.