سندھ میں خطرناک عمارتوں میں قائم نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کا حکم، 15 روز میں انسپکشن مکمل کرنے کی ہدایت
کراچی (پی این پی) سندھ کے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے خطرناک اور مخدوش عمارتوں میں قائم نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے ہدایات جاری کی کہ نجی اسکولوں کی عمارتوں کی جامع انسپکشن 15 روز میں مکمل کی جائے گی، جبکہ مخدوش عمارتوں میں تعلیمی سرگرمیاں فوری بند کرنے اور زیر تعلیم طلبہ کو محفوظ متبادل مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے غیر رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں کی نشاندہی، خطرناک عمارتوں میں قائم اسکولوں کی رجسٹریشن کا ازسرنو جائزہ لینے اور حفاظتی معیار پر عمل درآمد یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔اسکول مالکان اور پرنسپلز کو طلبہ کی حفاظت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ عمارتوں کے حفاظتی ضوابط پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔ خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
محکمہ تعلیم نے خطرناک اسکولوں، متاثرہ طلبہ اور ان کی منتقلی کے انتظامات سے متعلق رپورٹ بھی 15 روز میں طلب کرلی ہے۔سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ کے مطابق بچوں کی جانوں کا تحفظ محکمہ تعلیم کی اولین ترجیح ہے اور طلبہ، اساتذہ اور عملے کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
PNP
Comments are closed.