سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ فائنل، پاکستان کو ملائیشیا کے ہاتھوں شکست
سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ 2026 کے فائنل میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان ملائیشیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مقررہ وقت میں 2-2 گول سے برابر رہنے والا مقابلہ ملائیشیا نے شوٹ آؤٹ پر 3-4 سے جیت کر گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم سلور میڈل کی حقدار قرار پائی۔
ملائیشیا کے شہر جوہر بہرو میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسرے کوارٹر میں 2 گول کی برتری حاصل کی تاہم میزبان ٹیم نے میچ میں واپسی کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔
میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی کوششیں کیں لیکن کوئی ٹیم کامیاب نہ ہوسکی اور پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔
دوسرے کوارٹر میں پاکستان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، میچ کے 19ویں منٹ میں رانا ولید نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کو 1-0 کی برتری دلائی جبکہ 23ویں منٹ میں محمد عثمان نے گول کرکے برتری 2-0 کردی۔
تاہم پاکستان کی 2 گول کی برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 25ویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد آدم جوہری نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے خسارہ کم کردیا۔ ہاف ٹائم پر پاکستان کو 2-1 کی برتری حاصل تھی۔
تیسرے کوارٹر میں ملائیشیا نے مقابلہ برابر کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا اور متعدد پنالٹی کارنرز حاصل کیے تاہم پاکستانی دفاع نے برتری برقرار رکھی۔
چوتھے کوارٹر میں ملائیشیا کو بالآخر کامیابی ملی جب 49ویں منٹ میں دھیرش گناسیلن نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔
میچ کے 57ویں منٹ میں پاکستان کے حمزہ علی کو یلو کارڈ بھی دکھایا گیا، تاہم مقررہ وقت کے اختتام تک مزید کوئی گول نہ ہوسکا اور فائنل کا فیصلہ شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
شوٹ آؤٹ میں ملائیشیا نے پہلے 2 مواقع پر گول کیے جبکہ پاکستان کی جانب سے حمزہ فیاض اپنی کوشش میں ناکام رہے۔ بعد ازاں حمزہ علی نے پاکستان کا پہلا گول اسکور کیا۔
پاکستان کے رانا ولید نے شوٹ آؤٹ میں 2 مرتبہ گیند کو گول میں پہنچایا اور مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا۔
ملائیشیا کی جانب سے اے افیرالسیہ نے چوتھا گول اسکور کرکے میزبان ٹیم کو 4-3 کی برتری دلائی۔ پاکستان کے محمد عماد آخری کوشش میں گول نہ کرسکے اور یوں ملائیشیا نے شوٹ آؤٹ پر کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے شوٹ آؤٹ میں حمزہ علی نے ایک جبکہ رانا ولید نے 2 گول اسکور کیے۔
پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے 10 سال کے وقفے کے بعد سلطان آف جوہر کپ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم فیصلہ کن مقابلے میں 2 گول کی برتری حاصل کرنے کے باوجود اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی جونیئر ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد دی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی حوصلہ افزا رہی اور 10 سال بعد فائنل میں رسائی اور سلور میڈل کا حصول پاکستان کی جونیئر ہاکی کے لیے اہم کامیابی ہے۔
فائنل میں شکست کے باوجود قومی جونیئر ٹیم کی مجموعی کارکردگی پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے، تاہم فیصلہ کن مقابلے میں 2 گول کی برتری برقرار نہ رکھ پانا ایک ایسا پہلو ہے جس پر ٹیم انتظامیہ کو مزید کام کرنا ہوگا۔
PNP
Comments are closed.