ایمرجنسی اور گورنر راج کو 14 دن ہوگئے، حکومت نے کوئی وژن نہیں دیا: شوکت یوسفزئی
تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کو 14 دن ہوگئے، حکومت نے کوئی وژن نہیں دیا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور نااہلی کے باعث ملک بند گلی میں کھڑا ہے، معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، ملک قرضوں پر چل رہا ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے، تحریک انصاف کو سیاسی اسپیس ملنی چاہیے، پارٹی مزاحمتی اور مفاہمتی سیاست کے بیچ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیاسی اسپیس نہ دیا تو پُرامن احتجاج دوبارہ شروع ہو سکتا ہے، تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک نہیں، پارٹی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں متحد ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات سے ہی مذاکرات کی راہ نکل سکتی ہے، ایمرجنسی کا نفاذ سابقہ فاٹا کا کے پی میں انضمام ختم کرنے کی کوشش ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پارٹی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن پر تشویش ہے، ایمرجنسی اور گورنر راج لگانے کے لیے حکومت نے آئینی لوازمات پورے نہیں کیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ توقع ہے پشاور ہائی کورٹ سے اس بارے میں اہم فیصلہ آجائے گا، باہر کے یوٹیوبرز سے کہہ دیا اب بس کرو، آپ کے مشوروں کی ضرورت نہیں، اداروں کے خلاف یوٹیوبرز کے کسی بیانیے کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔
PNP
Comments are closed.