پسند کی شادی کی اجازت نہ ملنے پر لڑکی موبائل ٹاور پر چڑھ گئی، آن لائن نکاح پڑھا یا گیا پھر نیچے اتر ی
اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) بھارتی ریاست اتر پردیش میں شادی کی خواہش پوری نہ ہونے پر 19 سالہ لڑکی تقریباً 100 فٹ بلند موبائل ٹاور پر چڑھ گئی،
جہاں وہ چار گھنٹے تک موجود رہی۔ بالآخر ویڈیو کال کے ذریعے اس کا نکاح کروانے کے بعد اسے بحفاظت نیچے اتار لیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق صاحبہ عرف مہک نامی لڑکی اپنے 21 سالہ محبوب نورالدین سے شادی کرنا چاہتی تھی، تاہم دونوں خاندان اس رشتے کے مخالف تھے۔ شادی کے معاملے پر مہک کی والدہ سے تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد اس نے غصے میں گھر کے قریب واقع بلند موبائل ٹاور پر چڑھنے کا فیصلہ کیا۔
جیو نیوز کے مطابق واقعے کے وقت نورالدین روزگار کے سلسلے میں ممبئی میں موجود تھا۔ پولیس، اہل خانہ اور مقامی افراد نے کئی گھنٹوں تک مہک کو نیچے اترنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ اپنے مطالبے پر قائم رہی۔ اس دوران اس نے دھمکی بھی دی کہ اگر شادی کی اجازت نہ دی گئی تو وہ ٹاور سے چھلانگ لگا دے گی۔صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر نورالدین سے رابطہ کیا گیا اور دونوں خاندانوں کے درمیان اختلافات ختم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم اہل خانہ کی جانب سے رضامندی نہ مل سکی۔بعد ازاں ایک مقامی مسلمان عالم نے ویڈیو کال کے ذریعے دونوں کا نکاح پڑھا دیا۔ نورالدین نے ممبئی سے آن لائن اس نکاح میں شرکت کی، جس کے بعد مہک پولیس اہلکاروں کی مدد سے ٹاور سے بحفاظت نیچے اتر آئی۔
PNP
Comments are closed.