by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کراچی سے لاپتہ 14 سالہ لڑکی اٹک سے بازیاب، ملزم گرفتار

—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

کراچی سے لاپتہ ہونے والی 14 سالہ لڑکی کو اٹک سے بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس انویسٹی گیشن کیماڑی کے مطابق پولیس نے پنجاب کے ضلع اٹک میں کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے پاک کالونی سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کومل کو بازیاب کرایا۔

ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ کارروائی میں ایک ملزم عمر شہزاد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ لڑکی 16 ستمبر 2026ء کو گھر سے سودا سلف لینے نکلی تھی، جس کے بعد  وہ لاپتہ ہوگئی تھی۔ 

واقعے کا مقدمہ تھانہ پاک کالونی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق تفتیشی ٹیم نے تکنیکی بنیادوں پر معلومات حاصل کر کے ضلع اٹک میں کارروائی کی اور مغویہ کو بازیاب کرا لیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس انویسٹی گیشن کیماڑی کا مزید کہنا ہے کہ لڑکی کو بازیاب کرنے کے لیے کارروائی لیڈی سب انسپکٹر مسرت کھوکھر نے پولیس پارٹی کے ہمراہ کی، ملزم عمر شہزاد کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔



PNP

Comments are closed.