by Rao Imran Suleman
Rao Nama

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی انڈیکس نے ایک لاکھ 78 ہزار کی حد عبور کر لی

کراچی(پی این پی)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں طویل مندی کے بعد کاروبار میں تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے اور آج کاروباری دن کے پہلے سیشن کے دوران ہی 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 78 ہزار کی حد عبور کر لی۔ 

ہم نیوز کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 100 اینڈیکس میں پہلے سیشن میں ہی 4 ہزار 291 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا جو مثبت رجحان کی طرف واضح اشارہ ہے۔

اس اضافے کے بعد 100 انڈیکس ایک لاکھ 78 ہزار 177 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔ گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس ایک لاکھ 73 ہزار 887 کی سطح پر بند ہوا تھا۔

کاروبار میں یہ اضافہ اور مثبت رجحان ممکنہ طور پر ان خبروں کا نتیجہ ہے جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی کی ملاقات کے بعد سامنے آئیں۔ اس کے بعد نہ صرف عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آئی بلکہ امریکی سٹاک مارکیٹ میں بھی نمایاں تیزی آئی جہاں تینوں بڑے انڈیکسز میں 2 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔

دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک پیسے کی کمی ہوئی ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر ایک پیسہ سستا ہونے کے بعد 276 روپے 65 پیسے کا ہو گیا۔

سٹاک مارکیٹ میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور حصص کی خریداری میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے، تاہم کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ کی حتمی صورتحال واضح ہو گی۔



PNP

Comments are closed.