ملک کے بالائی علاقوں میں آج سے بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی
اسلام آباد(پی این پی)ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں 10 سے 14 نومبر کے دوران بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 10 نومبر سے پاکستان کے مغربی اور شمالی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسم تبدیل ہو سکتا ہے۔دنیا نیوز کے مطابق اس موسمی نظام کے زیر اثر خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں 10 سے 14 نومبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ان علاقوں میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، بنوں، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 10 سے 14 نومبر کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بلند پہاڑی مقامات پر برفباری ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بھی آج رات تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں 12 اور 13 نومبر کو بارش ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور سرگودھا میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک والی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں 12 نومبر کو بارش کا امکان ہے۔ادھر بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم 11 اور 12 نومبر کو بعض مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ سندھ کے زیادہ تر حصوں میں بھی آئندہ چند روز کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
PNP
Comments are closed.