تاریخی مہنگائی کے باوجود سندھ حکومت عوام کو حقیقی تحفظ اور سہارا فراہم کر رہی ہے، 10 لاکھ سیلاب متاثرین کو گھر اور زمینوں کی ملکیت دینا تاریخی اقدام ہے، بلاول بھٹو
کراچی (پی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے ملک میں جاری تاریخی مہنگائی کے اس سخت دور میں سندھ کے عوام کو حقیقی تحفظ اور سہارا فراہم کیا جا رہا ہے۔10 لاکھ سیلاب متاثرین کو گھروں کی فراہمی 1970 کے بعد ملک کی تاریخ میں زمینوں کی منتقلی کا سب سے بڑا اقدام ہے۔
10 لاکھ خاندانوں کو رہائشی سہولیات فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا چاہے کوئی بھی صوبہ ہو، عوام اپنے مسائل کے حل اور ریلیف کے لیے اپنی حکومتوں کی طرف دیکھ رہے ہوتے ہیں اور سندھ حکومت اپنے شہریوں کی توقعات پر پورا اتر رہی ہے۔10 لاکھ گھروں کی یہ تعمیر وفاقی حکومت اور عالمی مالیاتی اداروں کے تعاون سے ممکن بنائی گئی ہے۔ یہ صرف چھت یا گھروں کی فراہمی کا معاملہ نہیں، بلکہ اس منصوبے کے ذریعے ان تمام متاثرہ خاندانوں کو باقاعدہ طور پر ان کی اپنی زمینوں کا مالک بنایا گیا ہے۔یہ قدم پاکستان کی تاریخ میں سال 1970 کے بعد زمینوں کی منتقلی کا سب سے بڑا اور انقلابی منصوبہ ہے، جس سے غریب اور بے گھر افراد کو مستقل بنیادوں پر سماجی و اقتصادی تحفظ حاصل ہوا ہے۔
اپنے خطاب میں پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ نے گزشتہ دنوں تاریخ کے بدترین اور انتہائی تباہ کن سیلاب کا سامنا کیا، جس سے لاکھوں لوگ بے گھر اور سڑکوں پر آ گئے۔اسی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے حکومت نے متاثرین کی بحالی کا عزم کیا۔ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر 20 لاکھ گھر بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے، تاکہ ہر متاثرہ خاندان کی دوبارہ آبادکاری یقینی بنائی جا سکے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت ملک جن شدید معاشی مشکلات اور مالی بحران سے گزر رہا ہے، ان حالات کے باوجود اتنے بڑے اور بین الاقوامی معیار کے منصوبوں کی کامیابی سے تکمیل انتہائی خوش آئندہ اور قابلِ فخر ہے۔مشکلات اور مصائب کا شکار خاندانوں کو گھروں کی فراہمی سندھ حکومت کا ایک تاریخی اقدام ہے، جو عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
PNP
Comments are closed.