by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس عمارت کو قبضے کی جگہ پر قرار دے دیا

اسلام آباد (پی این پی)اسلام آباد کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بری امام ہاؤس نامی عمارت سرکاری ریکارڈ میں موجود نہیں،

جبکہ جس زمین پر یہ عمارت قائم ہے وہ پہلے ہی سرکاری تحویل میں لی جاچکی ہے اور اس کے عوض مالکان کو معاوضہ بھی ادا کیا جاچکا ہے۔جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سی ڈی اے نے ایک متفرق درخواست کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپنا تحریری جواب جمع کرایا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ نورپور شاہان کی متعلقہ اراضی ماضی میں حاصل کی گئی تھی اور اس کی ادائیگی بھی مکمل ہوچکی ہے۔عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں وضاحت کی گئی ہے کہ حضرت بری امام کے مزار کی زمین سرکاری ریکارڈ میں الگ نمبروں کے تحت درج ہے اور بری امام ہاؤس کی عمارت کا مزار کی اراضی سے کوئی تعلق نہیں۔ سی ڈی اے کے مطابق کسی عمارت کو بری امام ہاؤس کا نام دینے یا اسے مزار سے منسوب کرنے سے درخواست گزار کو اس زمین پر ملکیتی یا قانونی حق حاصل نہیں ہوسکتا۔اتھارٹی نے مزید مؤقف اپنایا کہ محل وقوع اور محکمہ مال کے ریکارڈ سے واضح ہوتا ہے کہ بری امام ہاؤس اور حضرت بری امام کا دربار دو الگ مقامات ہیں، اس لیے دونوں کو ایک ہی جائیداد قرار نہیں دیا جاسکتا۔

جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے پاس متعلقہ اراضی پر قبضہ برقرار رکھنے یا اسے استعمال کرنے کا کوئی قانونی اختیار موجود نہیں۔سی ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ اس کا مؤقف سنے اور جواب طلب کیے بغیر حکم امتناع جاری کیا گیا، جبکہ درخواست گزار کی قانونی حیثیت اور درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بھی اعتراضات ہیں۔ اتھارٹی نے استدعا کی ہے کہ مقدمے کو رواں ہفتے جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس سے متعلق درخواست پر درخواست گزار کے حق میں حکم امتناع جاری کر رکھا ہے۔ سی ڈی اے نے اس حکم کو ختم کرانے کے لیے اب عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔

PNP

Comments are closed.