by Rao Imran Suleman
Rao Nama

بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ، این ڈی ایم اے نے خبردار کردیا

اسلام آباد (پی این پی) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور مسافروں کے لیے احتیاطی الرٹ جاری کردیا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد اضلاع میں آسمان پر بادل چھائے رہنے اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور گجرات میں بھی مختلف مقامات پر بارش متوقع ہے۔پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کے ساتھ برفباری کا بھی امکان ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بلند پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں سرد اور خشک موسم برقرار رہنے کی توقع ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش کا امکان کم ہے۔

البتہ خضدار، لسبیلہ اور صوبے کے شمال مشرقی حصوں میں بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔دوسری جانب سندھ کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم کراچی، ملیر اور صوبے کے جنوبی علاقوں میں بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے نے بالخصوص پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق برفباری کے دوران گاڑی چلانے سے اجتناب کیا جائے اور اگر سفر ناگزیر ہو تو تمام ضروری حفاظتی انتظامات مکمل کیے جائیں۔شہریوں کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ پہاڑی علاقوں کی جانب روانگی سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے متعلق معلومات حاصل کریں۔ خطرے والے علاقوں میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور راستے بند ہونے یا ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی صورت میں متعلقہ اداروں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

PNP

Comments are closed.