by Rao Imran Suleman
Rao Nama

بانی پی ٹی آئی کیساتھ ملاقات کے کچھ مقاصد تھے، سیاسی بات کرنے کا موقع بھی دیا گیا، آئندہ کن لوگوں کو بھیجا جا سکتا ہے۔۔؟ سلمان اکرم راجہ کھل کر بول پڑے

 اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )بانی پی ٹی آئی کیساتھ ملاقات کے کچھ مقاصد تھے،  سیاسی بات کرنے کا موقع بھی دیا گیا، آئندہ  کن لوگوں کو بھیجا جا سکتا ہے۔۔؟ سلمان اکرم راجہ کھل کر بول پڑے اوراپنی ہی پارٹی کے رہنماؤں اور وکلا ءکی جیل میں عمران خان سے ملاقات پر شکوک و شبہات کا اظہار کردیا۔

’’جیو نیوز ‘‘کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ  نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات کے کچھ مقاصد تھے، ملاقات میں سیاسی بات کرنے کا موقع بھی دیا گیا، آئندہ مزید منظور نظر لوگوں کو بھی ملاقات کیلئے بھیجا جا سکتا ہے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ملاقاتوں کے لیے میں نام دوں گا اور اس کے مطابق ملاقات کروائی جائے، سلمان صفدر اپنے وعدے کے پکے ہیں کسی سیاسی اجتماع سے خطاب یا پریس کانفرنس نہیں کریں گے، بانی پی ٹی آئی نے محمود اچکزئی اور علامہ راجہ  ناصر عباس پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، میری جگہ کوئی متبادل نام مانگنے کی بات سلمان صفدر نے نہیں کی ہے۔

سلمان اکرم راجہ  نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی ذرا سا بھی اشارہ کریں گے تو میں بالکل سلام کروں گا اور آگے بڑھ جاؤں گا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ گورننس کے لیے چھوٹے صوبے اور یونٹس ہوں، لیکن اس کا طریقہ یہ نہیں کہ جبر کے ماحول میں جہاں ووٹ کی عزت نہیں اور اتنا بڑا فیصلہ کرلیں، یہ کام تب ہو سکتا ہے جب ووٹ صحیح طریقے سے گنے جائیں اور نظام میں شفافیت ہو۔آئین میں ریفرنڈم کے ذریعے صوبے بنانے کی کوئی گنجائش نہیں، ریفرنڈم کے ذریعے صوبے بنانے کے لیے آئین میں بنیادی تبدیلی کرنا ہوگی، پورے نظام میں جب ووٹ کی حرمت نہیں تو ریفرنڈم کی حرمت کیسے پیدا ہوگی، پہلے یہ طے کرنا ہے کہ اگر آئین میں تبدیلی کرکے ریفرنڈم کی جانب جانا ہے تو کیسے ووٹ کی حرمت پیدا کریں؟

سلمان اکرم راجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس اسمبلی کی آئینی ترمیم کو کیا ہم مان سکتے ہیں؟ اس پر بانی پی ٹی آئی کی واضح ہدایات نہیں آئیں، بانی پی ٹی آئی کا مؤقف اس اسمبلی سے متعلق واضح ہے اس لیے ہم نے 26 اور 27ویں ترمیم نہیں مانی۔



PNP

Comments are closed.