by Rao Imran Suleman
Rao Nama

بلاول بھٹو کی سندھ سے متعلق گفتگو پر افسوس ہوا: مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے بلاول بھٹو زرداری کے سندھ سے متعلق بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 18 سال سے صوبے میں برسر اقتدار ہے، اسے اپنی کارکردگی دکھانی چاہیے۔ 

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران سندھ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پورے ملک میں کوٹہ سسٹم صرف سندھ میں نافذ ہے، بلاول بھٹو زرداری ایک بڑی سیاسی جماعت کے رہنما ہیں، پیپلز پارٹی گزشتہ 18 سال سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں خون بہنے کی بات کی ہے، حالانکہ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور نوابشاہ سے ماضی میں ہمیشہ ایم کیو ایم کامیاب ہوتی رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی نے سندھ میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے تو اسے صوبوں کی تعداد بڑھنے پر بھی اپنی کارکردگی ثابت کرنی چاہیے، بڑے شہروں کی عالمی درجۂ بندی میں کراچی تیسرے نمبر پر ہے لیکن شہر میں پینے کا پانی دستیاب نہیں، دنیا چاند پر جا رہی ہے اور کراچی میں بچے گٹروں میں گر کر جانیں گنوا رہے ہیں، ہمارے پیسوں سے اسلام آباد تعمیر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو معلوم نہیں کہ مہاجر برادری گزشتہ 79 سال سے نسل کشی کا سامنا کر رہی ہے، گزشتہ 18 سال کے دوران یہ صورتِ حال مزید سنگین ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بینظیر بھٹو کو راولپنڈی میں شہید کیا گیا تو پورا کراچی جلا دیا گیا، مہاجروں کو نشانہ بنایا گیا اور فیکٹریاں تک جلا دی گئیں، میں اردو بولنے والا مہاجر ہوں اور میں نے ایسے علاقوں کے لوگوں کو بھی پانی فراہم کیا ہے جہاں تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا، میں نے خود 300 سال سے آباد لوگوں کو پانی فراہم کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم وہ واحد جماعت ہے جس نے بھارتی خفیہ ایجنسی راء کے نیٹ ورک کو توڑا، ماضی میں جب قتل و غارت ہوتی تھی تو وہ حکمرانوں کو سازگار محسوس ہوتی تھی۔

صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کا مطالبہ

وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے پاس ریفرنڈم کروانے کا اختیار موجود ہے اور اس معاملے کا فیصلہ عوامی رائے سے ہونا چاہیے، بلاول بھٹو کے پاس اپنی کارکردگی نہ ہونے کے سوا کوئی جواز نہیں۔

انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستان تحریکِ انصاف اس معاملے پر ریاست کے ساتھ کھڑی ہو گی، ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے کو فوقیت دی جانی چاہیے، کیونکہ فیصلے میں تاخیر ہوئی تو شیطانی قوتیں اس معاملے میں شامل ہو جائیں گی۔



PNP

Comments are closed.