کراچی (پی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ریفرنڈم آئین کے آرٹیکل 239(4) کا متبادل نہیں ہو سکتا، کسی صوبے کی علاقائی حدود میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کے کل ارکان کی دو تہائی اکثریت ضروری ہے۔
سینیٹر رضا ربانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ریفرنڈم کے انعقاد کے باوجود صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے آئین میں طے شدہ طریقہ کار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ریفرنڈم کی تاریخ بتاتی ہے کہ آمروں نے اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے اس طریقہ کار کو استعمال کیا، جبکہ ماضی میں ریفرنڈم کے نتائج بھی مشکوک رہے ہیں، اس لیے ریفرنڈم کے نتائج ہمیشہ سوالات کی زد میں رہیں گے۔
سابق چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ریفرنڈم کے انعقاد کے لیے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی منظوری ضروری ہے۔
میاں رضا ربانی کے مطابق سندھ میں تشدد سے متعلق بیانات، اگر صوبے کی تقسیم مسلط کرنے کی کوشش کے تناظر میں دیے جا رہے ہیں، تو یہ صوبے کی نسلی اور تاریخی حیثیت سے وابستہ خدشات کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی خود کو 27ویں آئینی ترمیم سے الگ نہیں کرتی، تاہم اس کے ردعمل سے سبق حاصل کر چکی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کے ایک کمزور یا ہائبرڈ نظام کی حمایت کرتی ہے، کیونکہ اس کے نزدیک ایسا نظام آمریت سے بہتر ہے۔
PNP
Comments are closed.