اسلام آباد میں سی ڈی اے کے تحت کمرشل پلاٹس کا تاریخی نیلام عام جناح کنونشن سینٹر میں شروع ہو گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے نیلامی کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کی۔
پہلے روز چھ کمرشل پلاٹس 17.14 ارب روپے میں نیلام ہوئے۔ بلیو ایریا (G-8) کا پلاٹ نمبر 13 سب سے مہنگا رہا، جو تقریباً 7.24 ارب روپے میں فروخت ہوا، جبکہ پلاٹ نمبر 14 اور 12 بالترتیب 4.16 اور 3.60 ارب روپے میں نیلام ہوئے۔
اسی طرح سیکٹر I-14 کے تین پلاٹس 3A، 3B اور 10A بالترتیب 74.932 کروڑ، 70.932 کروڑ اور 66.932 کروڑ روپے میں نیلام ہوئے۔
سی ڈی اے کی جانب سے 3 روزہ نیلام عام 16 اور 17 جولائی کو بھی جاری رہے گا، جس میں مجموعی طور پر 46 کمرشل پلاٹس اور دکانیں نیلامی کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ نیلامی کا عمل مکمل شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ نیلامی کے پہلے روز 33 فیصد زائد قیمت پر پلاٹس فروخت ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ سرمایہ کار سی ڈی اے کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حاصل ہونے والی آمدنی اسلام آباد کی بہتری، خوبصورتی، اور شہری سہولیات پر خرچ کی جائے گی۔ نیلامی میں سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت سی ڈی اے پر اعتماد کا مظہر ہے۔
سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے جناح کنونشن سینٹر میں انویسٹمنٹ ایکسپو کا بھی انعقاد کیا گیا ہے، جہاں مختلف ونگز کے انفارمیشن بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
چیئرمین نے اعلان کیا کہ یکمشت ادائیگی پر 5 فیصد رعایت جبکہ امریکی ڈالر میں ادائیگی پر اضافی رعایت بھی دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نئے سیکٹرز لانچ کرنے کی بھی تیاری مکمل ہے تاکہ رہائشی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
آخر میں چیئرمین سی ڈی اے نے بزنس کمیونٹی، اسلام آباد چیمبر، ٹریڈرز، میڈیا اور دیگر سٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا جن کی شرکت نے اس نیلامی کو کامیاب بنایا۔