by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کشمیر میں معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوئے، عوامی تحفظات دور کیے جائیں گے: وزیراعظم

0

اسلام آباد (احمد حسن) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے آزاد کشمیر میں مذاکراتی عمل کی کامیابی کے بعد حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف، مشیرِ وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ، وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد اورنگزیب، سردار محمد یوسف، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، احد خان چیمہ اور چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان شریک تھے۔

وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیر میں معاملات کو احسن طور پر حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بھی بالغ نظری اور معاملہ فہمی کا مظاہرہ کیا جو قابلِ تحسین ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر میں تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو گئے ہیں اور کشمیری عوام کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے مسائل کو حل کرنے آزاد کشمیر کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد اور امن حکومت کی ترجیح ہے اور کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ "پہلے بھی کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے محافظ تھے اور آئندہ بھی ان کے حقوق کا تحفظ کرتے رہیں گے،” وزیراعظم نے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے مسائل ہمیشہ حکومتی ترجیحات میں شامل رہے ہیں اور ان کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ان کی ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.