معروف ریسٹورنٹ سے مضرِ صحت گوشت برآمد ، سیل کر دیا گیا
کراچی (پی این پی) گلستانِ جوہر میں معروف ریسٹورنٹ کو بڑی مقدار میں مضرِ صحت گوشت برآمد ہونے پر سیل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں عوامی شکایات اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک معروف شنواری ریسٹورنٹ کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ترجمان سندھ فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ چھاپے کے دوران ریسٹورنٹ سے بڑی مقدار میں ایسا گوشت برآمد ہوا جو انسانی استعمال کے لیے انتہائی مضرِ صحت اور ناقص تھا۔معائنے کے دوران پایا گیا کہ ریسٹورنٹ کے فریزر کی حالت انتہائی ابتر تھی، جبکہ اشیائے خوردونوش کھلی پڑی تھیں اور کچن میں صفائی کے انتظامات بھی ناقص تھے، ان سنگین خلاف ورزیوں پر ایکشن لیتے ہوئے ریسٹورنٹ کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا اور مالکان پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں نے اس کارروائی کے حوالے سے کہا ہے کہ عوام کو غیر معیاری اور ناقص خوراک فراہم کرنے والوں کے خلاف سندھ فوڈ اتھارٹی پوری طرح متحرک ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر “زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور ایسے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن جاری رہے گا جو شہریوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔
PNP
Comments are closed.