by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ملک میں کہاں کہاں بادل برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

اسلا م آباد(نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے،

تاہم بالائی علاقوں، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے مختلف مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے، جبکہ رات کے وقت تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش متوقع ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ شام اور رات کے اوقات میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، کوہاٹ، کرم اور ہنگو کے بعض علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کے ساتھ آسمان پر بادل چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم رات کے دوران مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، گجرات، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، لاہور، شیخوپورہ اور قصور سمیت ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور دن کے وقت درجہ حرارت گرم رہنے کا امکان ہے، جبکہ کراچی اور اس کے اطراف میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہنے اور دن کے اوقات میں گرمی برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تاہم ژوب، بارکھان، خضدار اور موسیٰ خیل سمیت بعض مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ادھر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

PNP

Comments are closed.