پاکستانی رنرز کی بوسٹن میراتھون 2026 میں نمایاں کارکردگی
پاکستانی رنرز نے بوسٹن میراتھون 2026 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔
پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 13 رنرز نے پیر کو ہونیوالی دنیا کی سب سے باوقار میراتھونز میں سے ایک کو کامیابی سے مکمل کیا۔
کراچی کے محمد امجد علی، جو کہ ایک پولیس کانسٹیبل ہیں، پاکستانی شرکاء میں سب سے آگے رہے، امجد نے 2 گھنٹے 42 منٹ 45 سیکنڈ میں ریس مکمل کر کے اس سال کے تیز ترین پاکستانی رنر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
محمد امجد نے کہا کہ یہ ان کی پہلی ورلڈ میجر میراتھون تھی اور وہ اپنے شاندار ٹائم پر بہت خوش ہیں، ان کے مطابق ٹریک پر چڑھائی اور اترائی کے مراحل تھے جس کی وجہ سے ریس چیلنجنگ رہی، تاہم وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور تمام سپورٹرز کے شکر گزار ہیں۔
امجد کا کہنا تھا کہ ’’یہ میری پہلی ورلڈ میجر میراتھن تھی، الحمدللّٰہ میں بوسٹن میراتھن مکمل کرنے والا تیز ترین پاکستانی بھی بن گیا ہوں، میں ان سب لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے سفر میں میرا ساتھ دیا۔‘‘
امریکا میں مقیم سید حمزہ نے 2:51:06 کے ساتھ پاکستانیوں میں دوسری جبکہ نزار نیانی نے 3:01:44 کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
نارویجئن پاکستانی محمد فصیح صالح نے 3:10:36 کے ساتھ پرسنل بیسٹ بنایا، برطانوی نژاد شہزادہ حسین اور خاتون رنر بشیری انجم نے بھی نمایاں پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، برطانیہ میں مقیم پاکستانی خاتون رنر ماہین شیخ نے بھی اس دوڑ میں اپنا پرسنل بیسٹ حاصل کیا۔
فصیح صالح کا کہنا تھا کہ بوسٹن میراتھن کو پرسنل بیسٹ کے ساتھ مکمل کرنا ان کیلئے یادگار لمحہ کیوں کہ انہوں نے اس کے ساتھ اپنا ایبٹ ورلڈ میراتھن میجرز میں اپنا سکس اسٹار فائنشر کا سفر مکمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’میں پاکستانی رننگ کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی اور مجھے اپنی حدوں سے آگے بڑھنے میں مدد دی۔‘‘
فصیح صالح کے علاوہ دیگر تین پاکستانی رنرز نے بھی 6 اسٹار سفر مکمل کیا ان میں کراچی کے ڈاکٹر جہانزیب مغل، نوشیروان علی اور اسلام آباد کے بلال احسن شامل ہیں۔
بلال احسن نے گھٹنے کی انجری سے ریکور ہونے کے بعد بوسٹن میں اپنی دوڑ تین گھنٹے، تیئس منٹ میں مکمل کی۔
بلال احسن کا کہنا تھا کہ بوسٹن میراتھون شاندار تھی، الحمدللّٰہ اسے اچھے وقت میں مکمل کیا۔ کورس، ماحول اور وائب بہت بہترین تھے، بلا شبہ یہ دنیا کی بڑی میراتھنز میں سے ایک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ریس ٹائم کے حوالے سے میرے لیے زیادہ اہم نہ تھی کیونکہ میں انجری سے واپس آیا تھا، یہ صرف مکمل کرنے اور 6 اسٹار میڈل حاصل کرنے کے بارے میں تھی۔ بلال نے ریس اپنی فیملی اور اسلام آباد رننگ کلب کے نام کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب ان کی سپورٹ کے بدولت ہی ممکن ہوا ہے۔
کراچی کے نوشیروان علی نے 4:15:33 میں ریس مکمل کر کے سکس اسٹار فائنشر کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا سفر صرف فٹنس سے شروع ہو کر مقصد اور خود شناسی تک پہنچا، جس نے انہیں ایک بہتر انسان بننے کا حوصلہ دیا۔
انہوں نے کہا ’’میں اپنا ہر قدم اپنی اہلیہ، بچوں، دوستوں اور ان تمام لوگوں کو ڈیڈیکیٹ کرتا ہوں جنہوں نے میرے مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا۔ آپ کی سپورٹ نے مجھے یہاں تک پہنچایا۔‘‘
کراچی کے ڈاکٹر جہانزیب مغل نے 5:01:39 میں ریس مکمل کی اور 6 اسٹار فننشرز کی فہرست میں شامل ہو گئے۔
بوسٹن میراتھون میں شریک پاکستانی رنرز کے مکمل نتائج:
• محمد امجد (کراچی) – 2:42:45
• سید حمزہ (امریکا) – 2:51:06
• نزار نیانی (امریکا) – 3:01:44
• فصیح صالح (ناروے) – 3:10:36 (پی بی، سکس اسٹار)
• شہزادہ حسین (برطانیہ) – 3:21:45
• بشیری انجم (امریکا) – 3:22:45
• بلال احسن (اسلام آباد) – 3:23:53 (سکس اسٹار)
• عامر بٹ (امریکا) – 3:43:33
• ڈاکٹر سلمان خان (امریکا) – 3:46:48
• جامع خان (امریکا) – 3:47:26 (پی بی)
• ماہین شیخ (برطانیہ) – 3:52:01 (پی بی)
• نوشیروان علی (کراچی) – 4:15:33 (سکس اسٹار)
• ڈاکٹر جہانزیب مغل (کراچی) – 5:01:39 (سکس اسٹار)
PNP
Comments are closed.