وزیراعظم نے معاشی طور پر کمزور طبقے کو بڑی خوشخبری سنادی
اسلام آباد (پی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی دباؤ کا شکار عوام کو مزید ریلیف دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے سبسڈی پروگرام جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے موٹر سائیکل سواروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے دی جانے والی سبسڈی میں ایک ماہ کی توسیع منظور کر لی ہے۔ ساتھ ہی سفری کرایوں اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافے کو روکنے کے لیے متعلقہ اداروں کو اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ عوامی ریلیف منصوبوں کی مؤثر نگرانی ضروری ہے تاکہ ان کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے عام شہریوں کے لیے اربوں روپے کا قومی ریلیف پیکیج فراہم کیا گیا ہے، اور موجودہ حالات میں جہاں تک ممکن ہوا عوام کو سہولتیں دی جاتی رہیں گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں جلد حالات بہتر ہوں تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آ سکے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی پہلے اعلان کر چکے ہیں کہ موٹر سائیکل مالکان کو دی جانے والی سبسڈی جاری رکھی جائے گی، تاکہ شہری بڑھتی ہوئی پیٹرول قیمتوں کے اثرات سے کچھ ریلیف حاصل کر سکیں۔یاد رہے کہ سندھ حکومت نے پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد فی موٹر سائیکل 2 ہزار روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا۔
PNP
Comments are closed.