مومنہ اقبال کی ہراساں کرنے کی شکایت پر این سی سی آئی نے سیاسی شخصیت کو طلب کرلیا
پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے ہراسانی اور سائبر بُلنگ کے سنگین الزامات سامنے آنے کے بعد معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اداکارہ کی درخواست پر باضابطہ قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا خان کو طلب کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی سی آئی اے نے دونوں افراد کو 22 مئی بروز جمعہ پیش ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ انہیں ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے طویل عرصے سے آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ، ذہنی دباؤ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔
اداکارہ نے گزشتہ روز انسٹاگرام اسٹوری پر ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اس معاملے کی متعدد بار این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو شکایات درج کروائیں، تاہم مبینہ سیاسی اثر و رسوخ کے باعث مناسب کارروائی نہیں ہوسکی۔ ان کے مطابق انصاف فراہم کرنے کے بجائے ان کی حوصلہ شکنی کی گئی جبکہ انہیں اور ان کے اہلخانہ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
مومنہ اقبال نے اپنی پوسٹ میں متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ معاملے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ان کے خاندان کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔ اداکارہ نے اعلیٰ حکام، اہم سرکاری دفاتر، نیوز چینلز اور مختلف میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی اپنی پوسٹ میں ٹیگ کیا تھا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ اختیارات کے ناجائز استعمال یا انصاف کی راہ میں رکاوٹ بننے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ان کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی معاملہ زیر بحث آگیا اور متعدد صارفین نے سیاسی شخصیات اور متعلقہ اداروں کو ٹیگ کرتے ہوئے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا۔
مومنہ اقبال کے الزامات اور این سی سی آئی اے کی کارروائی کے بعد اب نظریں آئندہ پیش رفت پر مرکوز ہیں کہ تحقیقات کس رخ پر آگے بڑھتی ہیں اور اس معاملے میں مزید کیا حقائق سامنے آتے ہیں۔
PNP
Comments are closed.