کراچی (پی این پی) سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے خبردار کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور بروقت فیصلے نہ کرنے کے باعث ملک میں گندم کا بڑا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ جیو نیوز‘‘ کے مطابق اپنے بیان میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں گندم کی قیمت 157 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ آنے والے دنوں میں آٹے کی قیمت 200 روپے فی کلو یا اس سے بھی تجاوز کر سکتی ہے، یہ وہی گندم ہے جسے کسانوں نے رواں سال اپریل اور مئی میں 65 روپے فی کلو سے بھی کم قیمت پر فروخت کیا تھا، جبکہ بیرون ملک سے درآمد کی جانے والی گندم کی کراچی پہنچنے تک لاگت تقریباً 95 روپے فی کلو بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے نہ بروقت گندم درآمد کی اور نہ ہی نجی شعبے کو درآمد کی اجازت دی، حکومت نجانے کن وجوہات کی بنا پر درآمد اور برآمد کا عمل ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے ذریعے کرنا پسند کرتی ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کیے جانے کے باوجود ملک میں قلت برقرار ہے اور قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، خدشہ ہے کہ عوامی احتجاج کے بعد حکومت مزید گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرے گی تو یہ گندم فروری یا مارچ میں پاکستان پہنچے گی۔
سابق وزیر خزانہ نے خبردار کیا کہ اگر درآمدی گندم مارچ یا اپریل میں سندھ اور پنجاب پہنچتی ہے تو مقامی منڈیوں میں قیمتیں گر سکتی ہیں، جس سے کسانوں کو نقصان اٹھانا پڑے گا، حکومت کو گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرنا ہے تو فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے شوگر ملز مالکان کے مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے انہیں چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی، جبکہ حکومتی نااہلی اور ذاتی مفادات پر مبنی فیصلوں کی قیمت عام صارفین ادا کر رہے ہیں۔
مفتاح اسماعیل کے مطابق موجودہ صورتحال میں ریفائنریز، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اور شوگر ملز خوب منافع کما رہی ہیں، جبکہ عوام مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔
PNP
Comments are closed.