امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مڈل کلاس طبقہ مہنگی بجلی اور مہنگائی سے شدید پریشان ہے، اگر بجلی سستی ہو گی تو لوگ سولر کیوں لگوائیں گے؟ پاکستان میں مہنگائی ’شہباز اسپیڈ‘ سے بڑھ رہی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان میں خراب صورتِ حال کی ذمے دار حکومت ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کو جماعتِ اسلامی نے آئینی عدالت میں چیلنج کیا ہے، 2001ء سے لیوی کا سلسلہ جاری ہے مگر آج تک آئل ریفائنریز کو اپ گریڈ نہیں کیا گیا، جس کے باعث پیٹرول کی قیمت ٹیکسوں کی وجہ سے زیادہ ہے۔
اُنہوں نے آئی ایم ایف کی پالیسی کو غلامانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی نے مہنگائی کے خلاف تحریک شروع کر دی ہے، عوام جماعتِ اسلامی کے ساتھ مل کر اپنے حقوق کی جدوجہد کریں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ اسرائیل مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور غزہ میں آج بھی بے گناہ لوگ ظلم و ستم کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ اپنے مڈ ٹرم الیکشن کو بچانے کے لیے انسانیت کو پامال کر سکتے ہیں، غزہ پر مسلسل بم باری جاری ہے، اسرائیل خاص طور پر بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے، پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کو غزہ کے عوام کا ساتھ دینا ہو گا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے ایرانی قوم کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ بنگلادیش میں شدید توانائی بحران موجود ہے جہاں لاکھوں مزدور بیروزگاری کا شکار ہیں۔
PNP
Comments are closed.