by Rao Imran Suleman
Rao Nama

سارہ خان اور فلک شبیر کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش، بچی کا نام بھی بتادیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر کے گھر ایک بار پھر خوشیوں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، جہاں ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

اداکارہ سارہ خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ننھی بیٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اس خوشخبری سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اپنی نومولود بیٹی کا نام ’’رانیہ فلک‘‘ رکھا ہے، جس کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

سارہ خان نے اپنی پوسٹ میں جذباتی انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ دوسرے بچے کی آمد کے بعد ان کے دل میں محبت مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خاندان نے اس خوبصورت لمحے کو اپنے بچوں کے ساتھ بھرپور انداز میں محسوس کرنے کے لیے کچھ وقت خود کو دیا اور اب وہ خوشی کے ساتھ اپنی ننھی بیٹی کو دنیا سے متعارف کرا رہے ہیں۔

اداکارہ کی پوسٹ سامنے آتے ہی مداحوں نے ننھی مہمان کے لیے دعاؤں اور محبت بھرے پیغامات کی بھرمار کر دی، جبکہ شوبز ستارے بھی پیچھے نہ رہے۔ اداکار سمیع خان، شگفتہ اعجاز اور نور ظفر خان سمیت کئی فنکاروں نے سارہ اور فلک شبیر کو بیٹی کی پیدائش پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ سارہ خان پاکستان کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور وہ انسٹاگرام پر ایک کروڑ سے زائد فالوورز رکھنے والی نمایاں پاکستانی شخصیات میں شامل ہیں۔ انہوں نے متعدد کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، جبکہ حال ہی میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’’شیر‘‘ میں ان کے کردار کو بھی خوب پذیرائی ملی تھی۔

یاد رہے کہ سارہ خان اور فلک شبیر کی پہلی بیٹی کا نام الیانا فلک ہے، جبکہ اب رانیہ فلک کی آمد نے ان کے گھر کی خوشیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

PNP

Comments are closed.