by Rao Imran Suleman
Rao Nama

مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر امریکا کا اپنے شہریوں کے لیے سفری الرٹ جاری

واشنگٹن: امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث اپنے شہریوں کے لیے سفری انتباہ جاری کرتے ہوئے خطے کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ سکیورٹی صورتحال تشویشناک ہے اور کسی بھی وقت حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں، اس لیے امریکی شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

بیان میں مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کو بھی محتاط رہنے، مقامی صورتحال سے باخبر رہنے اور امریکی سفارت خانوں و قونصل خانوں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہو سکتا ہے، پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو سکتی ہیں جبکہ بعض فضائی راستوں میں عارضی رکاوٹیں بھی پیدا ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ خارجہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سفر سے قبل اپنی ایئرلائنز سے پروازوں کی تازہ صورتحال معلوم کریں، غیر ضروری سفر ملتوی کریں اور ہنگامی صورتحال کے لیے متبادل منصوبہ تیار رکھیں۔

یہ سفری انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر سکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

PNP

Comments are closed.