چین کے شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات درست ہیں، اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم ، وزیر خارجہ اور سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چینی حکومت کے پاکستان میں اپنے شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات درست ہیں۔
بیجنگ میں دوسرے پاک چائنہ پولیٹیکل پارٹیز فورم سے خطاب میںاسحاق ڈار نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش پر پاکستان اور چین مکمل رابطے میں ہیں اور ایک مشترکہ لائحہ عمل بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی سے چینی حکومت کے خدشات درست ہیں،پاکستان میں موجود چینی شہریوں کو سخت سیکیورٹی دے رہےہیں ۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ داسو ڈیم پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی آمد ورفت کے لیے خصوصی طور پر 2 ہیلی کاپٹرز خریدے جارہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات کے معاملے پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ایک صفحے پر ہیں،معرکہ حق کے دوران چین کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ سی پیک 2.0 کےلیے 5کوریڈورز بنا رہے ہیں،سی پیک 2.0 میں زراعت ، آئی ٹی ، اور مائنز اینڈ منرلز پر خصوصی توجہ ہوگی۔
فورم میں ن لیگ، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم پاکستان، جے یو آئی ف، اے این پی، قومی وطن پارٹی، ق لیگ، جماعت اسلامی اور دیگر سیاسی جماعتیں شریک ہوئیں۔
فورم سے وفاقی وزیر احسن اقبال،گورنر بلوچستان ،اسپیکر پنجاب اسمبلی ،چین کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ آف سی پی سی کے وزیر اور نائب وزیر نے بھی خطاب کیا۔
اس سے قبل ہانگزو میں وزیراعظم کی پاک چین بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس کے استقبالیے سے اسحاق ڈار نے خطاب کیا تھا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کانفرنس میں چین کےصوبےژیجیانگ کے گورنر لیو جیےبھی شریک ہوئے،جس میں دونوں ممالک میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
PNP
Comments are closed.