ثاقب چدھڑ نے مومنہ اقبال کو کیا کچھ دیا؟ ارشاد بھٹی کا بڑا دعویٰ
اسلام آباد (پی این پی)پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے درمیان جاری تنازع نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ معروف صحافی ارشاد بھٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ ثاقب چدھڑ اب اداکارہ کو دیے گئے مہنگے تحائف اور مختلف اخراجات کی واپسی کے لیے قانونی کارروائی پر غور کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ارشاد بھٹی نے ثاقب چدھڑ کے وکیل میاں علی اشفاق کے حوالے سے بتایا کہ ایم پی اے نے شادی کے ارادے سے مومنہ اقبال کو قیمتی تحائف دیے تھے۔ ان میں ایک فارچیونر گاڑی، ہونڈا سوک، 84 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی اور دیگر مہنگی اشیا شامل تھیں۔ دعویٰ کیا گیا کہ فارچیونر گاڑی اس وقت مومنہ اقبال کی والدہ کے زیر استعمال ہے، جبکہ سفری اور دیگر اخراجات کی بھی ایک طویل فہرست موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کے درمیان تقریباً پانچ برس تک تعلقات رہے اور دونوں خاندان اس رشتے پر رضامند تھے۔ ان کے بقول ثاقب چدھڑ نے باقاعدہ اداکارہ کے گھر رشتہ بھی بھیجا تھا۔
میاں علی اشفاق کے مطابق بعد میں ثاقب چدھڑ کو معلوم ہوا کہ مومنہ اقبال کی ماضی میں دو شادیاں ہو چکی ہیں۔ وکیل کا دعویٰ ہے کہ ان انکشافات کے بعد دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے، تاہم کچھ عرصے بعد معاملات دوبارہ بہتر ہوگئے اور شادی کی تیاریوں کا آغاز بھی کر دیا گیا تھا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ صورتحال اس وقت دوبارہ خراب ہوئی جب ثاقب چدھڑ کو مبینہ طور پر اداکارہ کی کسی اور جگہ شادی طے ہونے کی اطلاع ملی۔ وکیل کے مطابق جب اس حوالے سے مومنہ اقبال سے رابطہ کیا گیا تو بعد ازاں ان کے ہونے والے شوہر کی جانب سے مبینہ دھمکیاں دی گئیں، جس پر مقدمہ بھی درج کروایا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مومنہ اقبال یکم جون 2026 کو شادی کرنے جا رہی ہیں، جبکہ ان کی بہن نے واضح کیا ہے کہ تمام تنازعات کے باوجود شادی اپنی طے شدہ تاریخ پر ہی منعقد ہوگی۔
ابتدائی خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شادی کی پیشکش مسترد ہونے کے بعد ثاقب چدھڑ اداکارہ کو ہراساں کر رہے ہیں، تاہم ارشاد بھٹی کے مطابق ثاقب چدھڑ کے وکیل نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مؤکل صرف دیے گئے تحائف اور اخراجات کی واپسی چاہتا ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید توجہ حاصل کیے ہوئے ہے، جبکہ دونوں فریقین کے متضاد بیانات کے باعث لوگ اصل حقائق جاننے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔
PNP
Comments are closed.