کیا تعلیمی اداروں میں موسمِ گرما کی تعطیلات 15 جون سے ہوں گی؟ طلبا کے لئے نئی خبر آگئی
اسلام آباد (پی این پی)خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے موسمِ گرما کی تعطیلات کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق صوبے کے گرم علاقوں میں قائم پرائمری اسکول یکم جون سے 31 اگست تک بند رہیں گے، جبکہ مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں 15 جون سے 16 اگست تک تعطیلات ہوں گی۔
دوسری جانب سرد علاقوں میں واقع تعلیمی اداروں کے لیے گرمیوں کی چھٹیاں یکم جولائی سے 31 جولائی تک مقرر کی گئی ہیں۔
محکمہ تعلیم نے اپنے نوٹیفکیشن میں واضح کیا ہے کہ میدانی علاقوں کے اسکولوں میں جون 2026 کے دوران سمر کیمپس جاری رکھے جائیں گے، جن کے لیے مخصوص اوقات کار اور قواعد وضع کیے گئے ہیں۔
سمر کیمپ کے تحت پرائمری اور مڈل کلاسز کی سرگرمیاں پیر سے جمعرات صبح 7 بجے سے 9 بجے تک جاری رہیں گی، جبکہ ہائی اور ہائر سیکنڈری طلبہ کی کلاسز صبح 9 بج کر 40 منٹ تک منعقد کی جا سکیں گی۔
اعلامیے کے مطابق پرائمری طلبہ کو انگلش، اردو، جنرل سائنس، جنرل نالج اور ریاضی پڑھائی جائے گی، جبکہ مڈل کلاسز کے لیے انگلش، ریاضی، جنرل سائنس اور اردو کے مضامین شامل کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ہائی اور ہائر سیکنڈری سطح پر سائنس اور آرٹس گروپس کے مضامین بھی سمر کیمپ پروگرام کا حصہ ہوں گے۔
محکمہ تعلیم نے اسکول سربراہان کو یہ اختیار بھی دیا ہے کہ وہ طلبہ کی تعلیمی ضروریات کے مطابق مضامین اور دورانیہ تبدیل کر سکتے ہیں، تاہم کسی بھی صورت میں تعلیمی سرگرمیاں صبح 10 بجے کے بعد جاری نہیں رکھی جا سکیں گی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو صرف ان دنوں سمر کیمپ میں شرکت سے استثنیٰ حاصل ہوگا جب ان کے عملی امتحانات جاری ہوں گے۔
PNP
Comments are closed.