راولپنڈی، خاوند کو تیسرے نکاح سے روکنے کیلئے بیوی نے اپنی اور بیٹی کی کلائی کاٹ دی
راولپنڈی (پی این پی)راولپنڈی کے علاقے روات میں خاتون نے مبینہ طور پر خاوند کو تیسرا نکاح کرنے سے روکنے کی کوشش میں اپنی بیٹی اور خود کو زخمی کر لیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کی درخواست پر اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ درخواست گزار نے بتایا کہ اس کی شادی عائشہ عمران سے ہوئی تھی اور ان کے تین بچے ہیں۔متاثرہ خاوند کے بیان کے مطابق وہ دفتر میں موجود تھا کہ اس کی اہلیہ نے فون کر کے اسے فوری طور پر گھر بلایا۔ جب وہ اپارٹمنٹ پہنچا تو اس کی اہلیہ کے ہاتھ میں چھری تھی۔ اس نے مبینہ طور پر اچانک بیٹی کی کلائی پر چھری رکھ کر اسے کاٹ دیا اور بعد ازاں اپنی کلائی بھی کاٹ لی۔درخواست گزار کے مطابق اس نے بمشکل اپنی بیٹی کی جان بچائی۔ اس کے مطابق اس واقعے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس کی اہلیہ اسے تیسرا نکاح کرنے سے روک رہی تھی جس پر دونوں کے درمیان تنازع چل رہا تھا۔
پولیس کے مطابق خاتون نے بیٹی کو زخمی کر کے قتل کی کوشش اور خودکشی کی بھی کوشش کی تاہم دونوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ حکام کے مطابق معاملے میں صلح کی کوششیں بھی کی گئیں تاہم کامیاب نہ ہو سکیں۔متاثرہ شخص نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس کی اہلیہ مستقبل میں بچوں کی جان لے سکتی ہے، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
PNP
Comments are closed.