by Rao Imran Suleman
Rao Nama

نئے عمرہ سیزن کا آغاز ہو گیا,کمپنیوں نے ویزے نکالنے شروع کر دیئے ،کل سے زائرین جدہ اور مدینہ ایئر پورٹ داخل ہو سکیں گے

اسلام آباد (پی این پی) حج 2026 کی تکمیل کے بعد پہلی مرتبہ فوری طور پر نئے عمرہ سیزن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

عمرہ آپریٹرز نے نئے ویزوں کا اجرا شروع کر دیا ہے، جبکہ کل سے دنیا بھر سے آنے والے زائرین جدہ اور مدینہ کے ہوائی اڈوں کے ذریعے سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے۔سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ نئے عمرہ سیزن میں گزشتہ سال نافذ کی گئی پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔ نئی ہدایات کے مطابق عمرہ ویزا حاصل کرنے کے لیے واپسی یا آگے کے سفر کا کنفرم ٹکٹ، مکہ و مدینہ میں ہوٹل بکنگ اور مقامی ٹرانسپورٹ کی تصدیق لازمی ہوگی۔سعودی حکام نے خبردار کیا ہے کہ بغیر تصدیق شدہ رہائش کے آنے والے زائرین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایسے افراد کو جرمانوں اور قانونی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔حکام کے مطابق گزشتہ عمرہ سیزن کے دوران ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی 100 سے زائد کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا گیا تھا، جبکہ تمام ضروری شرائط پوری کرنے والی سعودی عمرہ کمپنیوں کو خدمات جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نئی عمرہ کمپنیوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے۔1448 ہجری کے عمرہ سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان میں عمرہ پیکجز کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ عمرہ کمپنیوں نے اپنی فیسوں میں تقریباً 10 ہزار روپے تک اضافہ کر دیا ہے،

جبکہ حج سے قبل تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار روپے میں دستیاب پیکجز اب 2 لاکھ 50 ہزار سے 2 لاکھ 60 ہزار روپے تک پہنچ گئے ہیں۔دوسری جانب فضائی کمپنیوں نے بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد سعودی عرب کے لیے عمرہ ٹکٹ کی قیمت بعض روٹس پر 1 لاکھ 70 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کا کہنا ہے کہ حج کے بعد عمرہ کی ادائیگی کا ارادہ رکھنے والے بہت سے زائرین بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہیں اور انہیں اپنے سفری منصوبوں پر دوبارہ غور کرنا پڑ رہا ہے۔

PNP

Comments are closed.