گرج چمک کے ساتھ بارش،محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
اسلام آباد (پی این پی)محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال سے متعلق پیشگوئی جاری کردی ہے۔
بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش کا امکان نہیں، جبکہ سندھ کے مختلف علاقوں میں موسم خشک اور دن کے اوقات میں گرم رہ سکتا ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہور میں فضائی آلودگی بڑھنے لگی
موسمی صورتحال کے ساتھ لاہور میں فضائی آلودگی کی سطح میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز کے مقابلے میں شہر کے ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) میں 22 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی شرح 178 تک پہنچ گئی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی صورتحال مختلف رہی۔ ملتان روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 249 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کاہنہ نو میں یہ شرح 245، برکی میں 203 اور شاہدرہ میں 187 رہی۔
لاہور کا درجہ حرارت 31 ڈگری تک جانے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر میں ہوائیں تقریباً 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
PNP
Comments are closed.