by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ورلڈ کپ میں قومی ہاکی ٹیم کا کپتان کون ہو گا؟

— فائل فوٹو 

ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں قومی ہاکی ٹیم کی قیادت عماد شکیل بٹ کریں گے یا نہیں؟ یہ ابھی ہاکی فیڈریشن نے طے نہیں کیا۔

چیف سلیکڑ اولمپئین سمیع اللّٰہ اور ان کی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے قومی ہاکی ٹیم کا انتخاب کرے گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جوائنٹ سیکریٹری اولمپیئن اصلاح الدين صدیقی نے بتایا ہے کہ بیلجیئم اور انگلینڈ میں پرو لیگ کے اختتام پر ایک مرتبہ پھر قومی ہاکی ٹیم کے ٹرائلز ہوں گے۔

کپتان عماد شکیل بٹ کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے فیڈریشن ان کی فٹنس اور پرفارمنس کی بنیاد پر انہیں کپتان برقرار رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کرے گی۔

اولمپیئن اصلاح الدين صدیقی کا کہنا ہے کہ عماد شکیل بٹ کو طویل مدت کے لیے فیڈریشن نے کپتان مقرر نہیں کیا، ان کا تقرر سیریز ٹو سیریز بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے موجودہ کپتان 30 سالہ عماد شکیل بٹ ہیں، اُنہوں نے پاکستان کے لیے 178 میچ کھیلے ہیں جن میں انہوں نے 15 گول اسکور کیے ہیں۔

مڈ فیلڈر عماد شکیل بٹ 2024ء سے قومی ہاکی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور ان کی قیادت میں پاکستان ہاکی ٹیم بیلجیئم اور انگلینڈ میں پرو لیگ میں شرکت کرے گی۔

ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ رواں سال اگست میں نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں منعقد ہو گا۔



PNP

Comments are closed.