حج کے بعد ارشد ندیم کی ٹریننگ شروع، ڈائمنڈ لیگ میں شرکت غیر یقینی
اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور ارشد ندیم کی دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں شرکت غیر یقینی ہے، ان کا کہنا ہے کہ دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں شرکت کا فیصلہ آئندہ 8 سے 10 روز میں کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ سیزن میں بہت اہم ایونٹس ہیں، میرا فوکس ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز اور ورلڈ ایتھلیٹکس الٹی میٹ چیمپیئن شپ پر ہے۔
ارشد ندیم نے حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد کوچ سلمان اقبال بٹ کی نگرانی میں پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں دوبارہ ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔
ٹریننگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اولمپیئن ارشد ندیم نے کہا کہ 19 جون کو ہونے والی دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں شرکت کا فیصلہ ابھی نہیں کیا ہے، آئندہ 8 سے 10 روز میں کروں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹریننگ کے بعد دیکھوں گا کہ کہاں کھڑا ہوں پھر فیصلہ کریں گے۔
ارشد ندیم نے مزید کہا کہ حال ہی میں سری لنکا کے جیولن تھرور کی 92 میٹر سے زائد تھرو نے مزید متحرک کیا ہے، مقابلہ بڑھ گیا ہے اسی طرح اب ٹریننگ بھی کرنا ہے۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ نے یہ بھی کہا کہ مجھے جوانی میں حج نصیب ہوا، میں خوش قسمت ہوں، حج کی ادائیگی کے بعد خود کو بہت ہلکا محسوس کر رہا ہوں، ٹریننگ دوبارہ شروع کی ہے اور ایسا لگ رہا ہے جیسے جہاں سے چھوڑا تھا وہیں سے آغاز کیا ہے۔
PNP
Comments are closed.