by Rao Imran Suleman
Rao Nama

ایران امریکا تعلقات: پابندیوں کے خاتمے سے مذاکرات میں پیش رفت ممکن، محسن رضائی

ایرانی قیادت کے مشیر محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات میں بہتری کے امکانات موجود ہیں، تاہم اس کے لیے واشنگٹن کو دباؤ اور پابندیوں کی پالیسی ترک کرنا ہوگی۔

ایک بین الاقوامی میڈیا ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں محسن رضائی نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اگر ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی اور اقتصادی پابندیوں کے خاتمے سمیت مثبت اقدامات کرے تو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کی فضا پیدا ہو سکتی ہے، جو مستقبل میں بہتر تعلقات کی بنیاد بن سکتی ہے۔

محسن رضائی کے مطابق خطے میں استحکام اور عالمی امن کے لیے کشیدگی بڑھانے کے بجائے سفارت کاری، باہمی احترام اور عملی اقدامات کو ترجیح دینا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی عزم کے ذریعے کئی پیچیدہ مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں ایک پوڈکاسٹ انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ مستقبل میں ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقات کے امکانات کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں ایرانی اعلیٰ قیادت بھی آگاہ اور شریک ہے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ امریکا ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا، تاہم اگر دونوں ممالک کے درمیان کسی معاہدے پر اتفاق ہو جاتا ہے تو اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان برسوں سے جاری کشیدگی کے باوجود سفارتی رابطوں اور اعتماد سازی کے اقدامات سے مستقبل میں مذاکراتی عمل کو تقویت مل سکتی ہے۔

PNP

Comments are closed.