by Rao Imran Suleman
Rao Nama

کراچی میں گرمی کا قہر، محسوس شدہ درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ پر شہری پریشان

0

ویب ڈیسک، کراچی: 11 جون 2026

کراچی شدید گرمی اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں رہا، شہر قائد میں گرمی کی شدت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کے بلند تناسب کے باعث گرمی کی شدت کہیں زیادہ محسوس ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق جناح ٹرمینل پر 40.5 ڈگری سینٹی گریڈ، گلستانِ جوہر میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ، شاہراہ فیصل پر 39 ڈگری سینٹی گریڈ، ماڑی پور میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ بن قاسم میں 34.6 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

شدید گرمی اور حبس نے شہریوں کے چھکے چھڑا دیے، مختلف علاقوں میں متعدد افراد کو چکر آنے، بے ہوشی اور جسمانی کمزوری کی شکایات کا سامنا کرنا پڑا۔ گرمی کی شدت کے باعث سڑکوں اور بازاروں میں معمول سے کم رش دیکھنے میں آیا۔

دوسری جانب شدید گرمی کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 12 گھنٹے سے زائد بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ کئی علاقوں میں پورا دن بجلی غائب رہی جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے اور شہری شدید اذیت میں مبتلا رہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، زیادہ پانی پینے اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.